ایک نیوز: پنجاب پولیس کے 5 اےایس پیز کو ایس پی کے عہدے پر ترقی دیدی گئی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلی آفس میں 5 اے ایس پیز کو ایس پی کے عہدے کے رینک لگانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے ترقی پانے والے پولیس افسران کو رینک لگائے۔ ترقی پانے والے افسران کے اہل خانہ کو بھی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔
اے ایس پی سلمان ظفر،تیمو رخان،بشریٰ نثار،سدرہ خان اور منزہ کرامت کو ایس پی عہدے کے رینک لگائے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ترقی پانے والے پولیس افسران کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ترقی پولیس سمیت ہر افسر کا حق ہے، پروفیشنل، محنتی اور دیانتدار افسران کی حوصلہ افزائی جاری رکھیں گے۔ پولیس افسران کو اپنی تمام تر صلاحیتیں عوام کی خدمت اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے صرف کرنی چاہئیں، پولیس کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے اور ا سی سے تھانہ کلچر تبدیل ہوگا۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل آئی جی،سی سی پی او،سیکرٹری وزیراعلیٰ اور اعلیٰ پولیس حکام نے شرکت کی۔