ایک نیوز: صفورہ چورنگی کے قریب سے گزشتہ شب 27 سالہ شاہزیب کی لاش ملنے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے۔ قتل کا مقدمہ مقتول کے والد کی مدعیت میں سچل پولیس نے درج کر لیا۔
ایس پی سہراب گوٹھ عزیز نے بتایا کہ احمد مقتول کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا ہے۔ مختلف پہلوؤں سے قتل کی تحقیقات کی جاری ہیں۔ شاہزیب کی لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔
ایس پی سہراب گوٹھ نے بتایا کہ شاہزیب آن لائن ٹیکسی چلاتا تھا، گزشتہ روز حیدر آباد سے کورنگی سواری لے کر پہنچا۔ کورنگی سے گلزار ہجری کی سواری لے کر نکلا تو والد سے رابطے میں تھا۔ ممکنہ طور پر شاہزیب خاتون سواری کو گلزار ہجری چھوڑنے نکلا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ مقتول کی لاش صفورہ چورنگی کے قریب سے ملی ہے۔ لاش گاڑی سے کچھ فاصلے پر پڑی ہوئی تھی۔ آن لائن ٹیکسی کمپنی سے رابطہ کیا گیا ہے اور سواری کے حوالے سے تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ایس پی عزیر احمد نے بتایا کہ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جارہی ہیں۔ مقتول سے کسی قسم کی کوئی لوٹ مار نہیں ہوئی تھی۔ مقتول شاہزیب کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی اور ایک بیٹا ہے۔