بجلی چوروں کے خلاف حکومتی کریک ڈاوٴن کا سلسلہ جاری

Nov 10, 2023 | 12:02 PM

ایک نیوز: بجلی چوروں کے خلاف حکومتی کریک ڈاوٴن کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے تحت ملک بھر سے تقریباً 3.42 بلین روپے وصول اور 336 سے زائد گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ نگران حکومت اور عسکری قیادت ملک بھر سے بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران حکومت، سیکیورٹی فورسز اور عسکری قیادت نے ملکی سالمیت معیشت کے استحکام کی خاطر سخت اقدامات لینے کا فیصلہ کیا۔ حکومتی ایماء پر ماہ ستمبر سے ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ 

29 اکتوبر سے 5 نومبر تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر سے تقریباً 3.42 بلین روپے وصول کیے گئے اور 336 سے زائد گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔ اسلام آباد اور پنجاب سے 1.34، سندھ سے 1.40، خیبرپختونخوا سے 0.49 اور بلوچستان سے 0.19 بلین جرمانہ وصول کیا گیا۔ 

اسلام آباد اور پنجاب میں 2383، سندھ میں 146، خیبرپختونخوا میں 74 ایف آئی آر درج ہوئیں۔ آپریشن کے دوران اسلام آباد اور پنجاب سے 298، خیبرپختونخواہ سے 11 اور سندھ سے 27 مجرمان گرفتاربھی کیا گیا۔ 

یکم ستمبر سے اب تک ملک بھر سے 36 بلین سے زائد جرمانہ وصول کیا اور 26157 سے زائد بجلی چور گرفتارکیے گئے۔ نگران حکومت اور عسکری قیادت ملک بھر سے بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔ پورے پاکستان میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاوٴن کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزیدخبریں