ایک نیوز نیوز: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی وزیرآباد میں لانگ مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک خطاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارچ رکے گا نہیں بلکہ زور پکڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے چیف جسٹس سے ایکشن لینے کا مطالبہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ قوم آپ کی جانب دیکھ رہی ہے۔ ایک ملک کا سابق وزیراعظم اپنی ایف آئی آر درج نہیں کروا پارہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 24 ستمبر کو رحیم یار خان جلسے میں اپنے قتل کی منصوبہ بندی کے بارے میں بتادیا تھا۔ ان کی کوشش تھی کہ میرا قتل کروا کر اسے مذہبی رنگ دیدیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان تاثیر کی طرح مذہبی انتہا پسندی کا رنگ دینے کی کوشش ناکام ہوگئی۔ کنٹینر کی فرانزک سے ثابت ہوگیا کہ دو مختلف قسم کی گولیاں چلیں۔ جب پتا چلا کہ دوسرا شوٹر ہے تو پلان ختم ہوگیا۔اللہ تعالیٰ نے بچالیا چیف جسٹس اس پر ایکشن لیں۔
عمران خان کے مطابق بناناریپبلک بننے جارہے ہیں۔ادھر کوئی انصاف نہیں ہوتا۔ اس وقت ملک کو بچانا ہے۔ قوم اداروں پر اعتماد کھو بیٹھی ہے۔ اس کو بحال کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ کوئی بھی ملک اداروں کے بغیر نہیں چلتا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ میں بار سے تیرہ لوگوں کو گولیاں لگیں۔ لیکن بدقسمتی سے معظم کو لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے پولیس مقابلوں کی آر میں لوگ مروائے۔ راناثناءاللہ نے بھی 18 لوگوں کا قتل کروایا۔ حقیقی آزادی کی جنگ میں ہر ذی شعور فرد شامل ہوگا۔ کیونکہ جب تک حقیقی آزادی نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ساری قوم کو دعوت دیتا ہوں کہ لانگ مارچ کو کامیاب بنائیں۔ جس دن اسلام آباد پہنچوں آپ سب بھی حقیقی آزادی کیلئے وہاں پہنچیں۔