جدید ترین اسلحہ برائے فروخت، سوشل میڈیا پر ہتھیاربیچنے والے گرفتار

Nov 10, 2022 | 15:17 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: سی ٹی ڈی نے فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے اسلحہ فروخت کرنے والے گروہ کے 4  ملزمان کو کراچی سے گرفتار کرلیا۔

رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کے انچارج راجا عمر خطاب اور مظہر مشوانی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس سلسلے میں میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ پشاور درہ آدم خیل، ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع کے اسلحہ ڈیلرز اور دکاندار اس غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔ ملزمان  فیس بک کے ذریعے غیر قانونی اسلحہ کے کاروبار کی تشہیر کرتے ہیں اور فیس بک اور واٹس اپ پر اسلحہ کی نمائش کرتے ہیں۔

سی ٹی ڈی انچارج کے مطابق گرفتارملزمان میں عظمت اللہ، بشیرخان، فضل جان اور فرمان اللہ شامل ہیں۔راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ جو افراد اسلحہ خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ ان لوگوں کو واٹس ایپ گروپ میں شامل کر لیتے ہیں اور قیمت طے کرنے کے بعد رقم کا 50 فیصد آن لائن ٹرانسفر کر آتے ہیں اور بقیہ رقم ڈیلیوری کے وقت وصول کی جاتی ہے۔ جب تمام معاملات طے پا جاتے ہیں تو یہ غیر قانونی اسلحہ ڈیلر اپنے ایجنٹ کے ذریعے بذریعہ بس بھیجتے ہیں۔ ملزمان  کراچی یا ملک کے کسی بھی علاقے میں اسلحہ پہنچانے کے لیے اپنا کارندہ خریدار کا نمبر دے کر روانہ کرتے ہیں وہی شخص ڈیلیوری دے کر باقی رقم وصول کرتے ہیں۔

راجا عمر خطاب نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے 18 جدید پستول اور بھاری تعداد میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

مزیدخبریں