ایک نیوز نیوز:پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی قیادت میں وزیرآباد سے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز ہوگیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت نےخطاب کرکے لانگ مارچ کے شرکا کا لہو گرمایا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے گزشتہ ماہ کی 28 تاریخ کو لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا جو گزشتہ ہفتے جی ٹی روڈ پر وزیرآباد کے علاقے میں عمران خان پر فائرنگ کے بعد روک دیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لانگ مارچ کے روٹ کی ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
لانگ مارچ کا قافلہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، جڑانوالہ، چنیوٹ اور دیگر شہروں سے ہوتا ہوا راولپنڈی پہنچے گا جبکہ وزیر آباد سے شروع ہونے والا لانگ مارچ اپنے مقرر کردہ روٹ سے ہوتا ہوا راولپنڈی پہنچے گا۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے پورے روٹ پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت دی اور کہا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ والے روٹ کے لانگ مارچ کے شرکاء کو بھی بہترین سکیورٹی فراہم کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’روٹ کے راستے میں عمارتوں کی چھتوں پر پولیس کمانڈوز تعینات کیے جائیں گے۔ لانگ مارچ کے پورے روٹ پر امن عامہ برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔‘
وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ’کنٹینر پر بلٹ پروف روسٹرم اوربلٹ پروف شیلڈز کا استعمال یقینی بنایا جائے۔ لانگ مارچ کے شرکاء پہلے بھی پرامن رہے اور اب بھی پرامن رہیں گے۔‘