ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل بارش کے باعث متاثر ہونے کا خدشہ

Nov 10, 2022 | 10:21 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو فائنل  میچ کے وقت  95 فیصد بارش کا امکان ہے جبکہ اگلے دن بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پاکستان ٹیم  پہلے ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے جبکہ دوسری ٹیم کا فیصلہ آج ایڈیلیڈ  کے میدان میں بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل کے بعد ہوگا۔

ورلڈ کپ قوانین کے مطابق اگر فائنل یا سیمی فائنل بارش سے متاثر ہوئے تو مقابلہ اگلےدن جاری رہے گا ۔ آسٹریلوی محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو بھی بارش کے پچانوے فیصد امکانات ہیں۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح میچ کو اتوار کو ہی مکمل کرنا ہے۔ٹورنامنٹ قوانین کے مطابق میچ مکمل تصور کرنے کیلئے اننگز میں کم از کم دس، دس اوورز کا کھیل ہونا لازمی ہے۔ بارش کی صورت میں میچ ریزرو ڈے پر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے وہ رکا تھا۔اگر بارش کی وجہ سےکھیل اگلے دن بھی ممکن نہ ہوا تو پھر دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو مشترکہ فاتح قرار دے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں میلبورن کے میدان میں تین میچز منسوخ ہوئے جبکہ ایک میچ کا نتیجہ ڈک ورتھ میتھڈ پر حاصل کیا گیا تاہم آسٹریلیا کے موسم کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کا رنگ بدلتے دیر نہیں لگتی۔

سپر 12 مرحلے میں پاک بھارت میچ سے قبل بھی بارش کی پیشگوئی تھی تاہم اس وقت موسم صاف رہا تھا اور مکمل کھیل ہوا تھا۔

مزیدخبریں