ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہروں کو صحت کی سہولیات دہلیز پرفراہم کرنے کیلئے ”کلینک آن وہیل پروگرام“کاافتتاح کردیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکاکلینک آن وہیل پروگرام کی افتتاحی تقریب سےخطاب کرتےہوئے کہناتھاکہ میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ ہمیں صحت کے شعبے میں ایک اور سنگ میل عبور کرنے کی توفیق دی ،میں صحت کے دونوں وزرا، سیکرٹری صحت اور پورے محکمہ صحت کو مبارکباد دیتی ہوں ۔یہ سچ ہے کہ 2 ماہ تو حکومت کو سیدھا کرنے میں لگ جاتے ہیں گزشتہ حکومت نے نواز شریف اور شہباز شریف کے سیدھے کاموں کو الٹا کر دیا تھا۔
مریم نوازکامزیدکہناتھاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کے کامیاب منصوبوں کو میں آگے لے کر چل رہی ہوں ،میرےمنصوبوں سےسب سے زیادہ نواز شریف خوش ہوتے ہیں ،200 کلینک آن وہیل اور 100 سے زیادہ ایمبولینسز کے ذریعے صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچا رہے ہیں، ہمارا مقصد ہے کہ لوگوں کو ہسپتال نہ جانا پڑے شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ یہ پروگرام انہوں نے شروع کیا تھا، اب اس پروگرام کو مزید توسیع دی جا رہی ہے ان گاڑیوں میں ایک ڈاکٹر، ایک ایل ایچ وی اور ایک ڈسپنسر ہو گا ،اس گاڑی میں ادویات ضروری طبی ٹیسٹوں کی سہولت ہو گی اس میں زچہ بچہ کے لئے سہولت کے ساتھ کچھ گاڑیوں میں الٹراساونڈ کی سہولت بھی ہو گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کااپنےخطاب میں کہناتھاکہ اس پروگرام سے سالانہ 40 لاکھ لوگوں کو سہولت مل سکے گی ،میں خود روزانہ لوگوں کو کال کر کے پوچھتی ہوں کہ کیا انہیں صحت کی سہولیات کے حوالے سے کوئی مسئلہ تو نہیں 1034 ہیلپ لائن کے ذریعے اس گاڑی سے حاملہ خواتین کو گھر سے ہسپتال اور وہاں سے واپس گھر لے جایا جا سکے گا، حاملہ خواتین کو یہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی، دوردراز علاقوں میں بھی ایسا پروگرام لا رہے ہیں کہ ہر بنیادی صحت مراکز میں ڈاکٹر، نرس اور طبی عملہ موجود ہو گا ۔
مریم نوازکاخطاب میں مزیدکہناتھاکہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نئے ڈاکٹروں کو بھرتی کیا جا رہا ہے، پنجاب کو سیاہ دور سے نکال کر ترقی کی طرف لے کر جا رہے ہیں ،کنٹینروں اور گاڑیوں کو صرف احتجاج کے لئے ہی نہیں بلکہ علاج کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ،جناح ہسپتال میں آج ایک بچے کا گردہ ٹرانسپلانٹ ہوا جس پر ڈاکٹروں کو مبارکباد دیتی ہوں ،ہم جلد ایئر ایمبولینس لا رہے ہیں لیکن اس سے پہلے 8 اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ دل کے عارضے کی سہولیات لا رہے ہیں تاکہ بڑے شہروں میں امراض قلب کا بروقت علاج ہو سکے ،اسکا دائرہ کار جلد تمام شہروں تک بڑھا دینگے ہم پنجاب میں فری انسولین کی سروس بھی جلد لائیں گے۔