ہنگامہ آرائی، پرتشدد کارروائیوں میں ملوث مزید 100 شر پسند گرفتار

May 10, 2023 | 15:31 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پنجاب بھر میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کارروائیوں میں مزید 100 سے زائد شر پسند عناصر  کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں نے سرکاری املاک پر حملوں،توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث شرپسندوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے مزید 100 شر پسند عناصر کو گرفتار کر لیا ہے۔ جس کے بعد مختلف اضلاع سے گرفتار شر پسند عناصر کی تعداد 1050 سے زائد ہو گئی ہے۔

 ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ویڈیو فوٹیجز، سی سی ٹی وی ریکارڈنگز کی مدد سے شرپسندوں کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے ۔شرپسند و قانون شکن عناصر کا تمام ریکارڈ انکے کریکٹر سرٹیفیکیٹ میں درج کیا جا رہا ہے۔مجرمانہ ریکارڈ کی وجہ سے شرپسند عناصر کو نہ تو غیر ممالک کا ویزہ اور نہ ہی ملازمت مل سکے گی۔کریکٹر سرٹیفیکیٹ میں درج تفصیل کی بدولت شرپسند بیرون ملک تعلیمی اداروں میں ایڈمیشن اور امیگریشن بھی  حاصل نہیں کر سکیں گے۔   شرپسند عناصر نے پرتشدد کارروائیوں کے دوران 130سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو شدید زخمی کیا ہے۔ پولیس اور سرکاری اداروں کی 25 سے زائد گاڑیاں تباہ و نذر آتش کی گئی ہیں۔  مظاہرین 14 سے زائد سرکاری عمارتوں پر حملہ آور ہوئے ہیں۔ لوٹ مار  اور سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے۔

 آئی جی پنجاب  کا کہنا ہے کہ سرکاری املاک ، پولیس فورس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والے شرپسند عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے۔ریاست و قانون کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری ہے۔تمام شرپسند عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر  قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی۔ 

مزیدخبریں