ایک نیوز: سابق وزیراعظم نوازشریف کی لاہور رہائش گاہ جاتی امرا کے اطراف کے راستے سیل کردیئے گئے۔
گزشتہ روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کرلیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنان مشتعل ہوگئے اور مختلف شہروں میں جلاؤ گھیراؤ اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے واقعات پیش آئے۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے فیصل آباد میں وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کے ڈیرے پر پتھروں سے حملہ کیا اور رانا ثناء اللہ کے پوسٹر کو بھی نذر آتش کیا اور ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ جب کہ لاہور ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن کے سیکرٹریٹ آفس پر بھی دھاوا بولا ہے۔آج بھی تحریک انصاف کی جانب سے ممکنہ احتجاج اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے پیش نظر سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور میں واقع جاتی امرا رہائش گاہ جانے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنان کو جاتی امرا جانے سے روکنے کیلئے پولیس نے جاتی امرا کے اطراف راستے بھی سیل کردیئے ہیں۔ ، اور راستوں پر کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں۔
پس منظر:
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گزشتہ روز دوپہر 2 بجے کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ کی حدود میں موجود دفترسے اس وقت گرفتار کیا جب وہ کمرے میں بیٹھے اپنا بائیو میٹرک کروا رہے تھے۔ نیب نے سابق وزیراعظم کو بدعنوانی کے الزام میں القادرٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا۔