ایک نیوز: سندھ حکومت کی جانب سے چاول کی کاشت پر پابندی عائد کرنیکا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے پانی سید خورشید شاہ نے صوبائی وزرا کے ساتھ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور چاول کی کاشت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سیم کا مسئلہ طویل عرصے سے درپیش ہے اور حالیہ سیلاب سے اس کی صورتحال مزید تشویشناک ہو چکی ہے جس سے پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہواہے۔اجلاس کے شرکا نے بتایا کہ سالہا سال بہنے والی نہریں جیسے گھوٹکی فیڈر، روہڑی کینال، نارا کینال اور خیرپور ویسٹ اینڈ ایسٹ فیڈرز کے کاشتکار مکمل پابندی کے باوجود چاول کی کاشت کر رہے ہیں۔
جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے گھوٹکی، سکھر، خیرپور، سانگھڑ، میرپورخاص، عمرکوٹ، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، مٹیاری، حیدرآباد، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان اور بدین کے اضلاع میں چاول کی فصل کی کاشت پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلی مراد علی شاہ نے محکمہ آبپاشی کو بروقت پانی چھوڑنے کی ہدایت کی ہے تاکہ دریائے سندھ کے بائیں کنارے کے کاشتکار دوسری فصلیں اگاسکیں۔