ایک نیوز: کمپیوٹر ماحول میں اسکرین پر دکھائی دینے والی شے کی بو یا خوشبو کو ظاہر کرنا محال رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس نے ورچول ریئلٹی ہیڈسیٹ کے لیے ناک کے پاس رہنے والی ایسی پٹی بنائی ہے جو دکھائی دینے والی شے کی بو خارج کرکے اسے مزید حقیقی بناسکتی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی پہنے جانے والی چیز ہے جو بہت ہی چھوٹی ہے۔ اسے ناک کےنیچے رکھا جاسکتا ہے جس پر ایک نرم ماسک چڑھا ہے۔ ایک ماڈل دو طرح کی خوشبو اور دوسرا ماڈل 9 اقسام کی خوشبو یا کسی بو کو بناسکتا ہے۔
ان کے اندر ایک خوشبودار موم ہے جو مختلف درجہ حرارت پرمختلف خوشبوخارج کرتا ہے۔ یہ ایجاد سٹی یونیورسٹی ہانگ کانگ اور بائی ہانگ یونیورسٹی کے ماہرین نے کی ہے۔اس پیوند سے مختلف خوشبووں کے ملاپ سے 30 اقسام کی بو یا خوشبو پیدا کی جاسکتی ہے جن میں کچھ پھول، انناس، ادرک اور پین کیک کا احساسِ شامل ہے۔ اگرچہ آکیولس اور دیگر اقسام کے ہیڈسیٹ آواز، قدرتی منظر، سیمولیشن اور چھونے کا احساس دے سکتے ہیں لیکن اب تک خوشبو کا احساس اس میں شامل نہیں یہی وجہ ہے کہ اسے ایک اہم ایجاد تصور کیا جارہا ہے۔ماہرین کا اصرار ہے کہ یہ محض دکھاوے کی ایجاد نہیں بلکہ اس سے اروما تھراپی، بچوں کی تدریس، خوشبوؤں کی خریدوفروخت اور دیگر اہم کام بھی لیے جاسکتے ہیں۔