ایک نیوز:قومی کرکٹ ٹیم کےسابق کپتان اوروکٹ کیپرسرفرازاحمدنے کہاہےکہ پاکستان نے کرکٹ کی بحالی کیلئے بہت کاوشیں کی ہیں،دنیا کی کسی ٹیم کے پاس پاکستان آکر نہ کھیلنے کا کوئی جواز نہیں۔
گورنمنٹ کالج میں کرکٹ گراؤنڈکی افتتاحی تقریب کےدوران میڈیاسےگفتگوکرتے ہوئےسابق کپتان سرفرازاحمدکاکہناتھاکہ بھارت کو پاکستان آکر کرکٹ کھیلناچاہیے،دنیا کی کسی ٹیم کے پاس پاکستان آکر نہ کھیلنے کا کوئی جواز نہیں۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس ضمن اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر کامزید کہنا تھا کہ پاکستانیوں نے جس طرح جو روٹ اور اسٹیو اسمتھ کو سپورٹ کیا اس طرح مزید کرکٹ بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔قومی ٹیم کے پاس ورلڈکپ کی تیاریوں کیلئے وقت کم ہے، ایونٹ کیلئے قومی اسکواڈ جلد تشکیل دیا جائے۔
سابق کپتان کاکہناتھاکہ پاکستان نے کرکٹ کی بحالی کیلئے بہت کاوشیں کی ہیں، ہمارے سیکورٹی اداروں نے اہم کردار ادا کیا ہے، انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی کرنا ہمارا حق ہے ۔پاکستانی لوگ مہمان نواز ہیں اور پاکستان میں پاک بھارت میچ دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جناح کالج کرکٹ گراؤنڈ میں مجھ سمیت نامور کرکٹرز نے کھیلا ہے اس گراؤنڈ کی دوبارہ تعمیر نوجوان کرکٹرز کیلئےفائدے مند ثابت ہوگی۔