انتخابات میں دھاندلی کیخلاف ملک بھر میں پی ٹی آئی کے مظاہرے 

Mar 10, 2024 | 19:19 PM

ایک نیوز :عام انتخابات میں دھاندلی کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی کال پر ملک بھر کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے،ریلیاں نکالی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور،کراچی،سکھر،حیدرآباد،اسلام آباد،ملتان ،پشاور میں تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کیخلاف ریلیاں نکالی گئیں۔احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔مختلف شہروں میں پولیس نے تحریک انصاف کے درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا۔

اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر رہنماتحریک انصاف شیر افضل مروت،عامر مغل،شعیب شاہین،ایاز امیرعلی،محمد علی خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی ریلی نکالی گئی ۔

 تحریک انصاف کی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیر افضل مروت کاکہنا تھا کہ سیاسی جنگ سے زیادہ اہم عوام کا احتجاج کیلئے گھروں سے باہر نکلنا ہے ۔بانی پی ٹی آئی قوم کی طرف دیکھ رہے ہیں،احتجاج جاری رہے گا ۔احتجاج پر بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا تو انہوں نے مسرت کا اظہار کیا احتجاج جاری رہے گا۔

 نیشنل پریس کلب کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کا مطلابہ کیاگیا۔

   ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین کاکہنا تھاکہ پورا پاکستان بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی  کا مقصد اس ملک کی دولت کو باہر بھیجنا ہے۔ الیکشن کمیشن سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔

ریلی کے شرکاء نے بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کے پرچم تھام رکھے تھے جبکہ اس موقع پر پی ٹی آئی کے ترانے بھی بجائے گئے۔

لاہور میں تحریک انصاف کی جانب سے جی پی اوچوک پراحتجاجی مظاہرہ کیاگیا پولیس کی بھاری نفری بھی مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے موجود تھی ۔پولیس نے متعدد کارکنوں کو گرفتار کرکے تھانوں میں منتقل کردیا۔

مزیدخبریں