ایک نیوز : پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کاکہنا ہے کہ مریم صاحبہ کا لب و لہجہ ان پر ججتا نہیں ہے انہوں نے جو طنزیہ گفتگوفرمائی وہ ان پر سجتی نہیں ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماتحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ایک بلاجواز مقدمہ بنایا گیا، پریس کانفرنس سے متعلق ایک بوگس کیس ہے جبکہ میں نے پریس کانفرنس میں کارکنوں کو تلقین کی کہ قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا، مقدمہ حقائق کے برعکس اور سیاسی بنیادوں پر درج کیا گیا۔
رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے واضح کیا کہ پنجاب میں نگران حکومت ہے لیکن یہ دراصل پی ڈی ایم کی ایکسٹنشن ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پہلے تو عمران خان کو گرفتار کرنے کی ضرورت نہیں اگر وہ گرفتار ہوجاتے ہیں ہماری پارٹی کا پورا ایک نظام ہے، کل عمران خان نے بیان دیا ہے کہ اگر ان کو گرفتار کیا گیا تو پارٹی کی ذمہ درای میں سنبھالوں گا۔
سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی سرگرمیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے کیسز میں الجھایا جا رہا ہے، پنجاب حکومت نے 8 مارچ کو فسطائیت کا مظاہرہ کیا، ظل شاہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں تشدد ثابت ہوا اور ہمارے کارکن کی موت پر دنیا نے نوٹس لیا مگر حکومت نے اس کا مقدمہ بھی عمران خان کیخلاف درج کردیا، ایسے ہتھکنڈوں سے آپ تحریک انصاف کو روک نہیں پائیں گے کیونکہ اس سے عوام میں ہماری مقبولیت مزید بڑھ رہی ہے۔