ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن علی بلال عرف ظل شاہ کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی بلال کو اسپتال میں چھوڑ کر جانے والے دونوں افراد کو حراست میں لے لیا گیا، تفتیشی ٹیم نے علی بلال کو لانے والی گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے ملزمان میں عمر اور جہانزیب شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے بیان دیا کہ علی بلال کی ہلاکت حادثے کی وجہ سے ہوئی، واقعہ فورٹریس اسٹیڈیم پل پر پیش آیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل لاہور میں ریلی کے دوران ہلاک ہونے والے پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ سامنے آگئی۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کارکن علی بلال کی موت تشدد سے ہوئی۔ اس کے جسم پر تشدد کے نشان تھے۔
علی بلال کا پوسٹ مارٹم کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں کیا گیا تھا۔