ایک نیوز: سستی شہرت پانے کیلئے سوشل میڈیاسٹار صوفی میئور نے آج شادی کل طلاق بھی لے لی ۔خودسے شادی اوراگلے دن علیحدگی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا سے تعلق رکھنے و الی سوشل میڈیا سٹار صوفی میئور نے خود سے شادی کی جبکہ24 گھنٹے بعد ہی کہا کہ میں مزید برداشت نہیں کرسکتی، اس لیے میں طلاق لے رہی ہوں۔
صوفی نے گذشتہ دنوں ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہوں نے عروسی لباس پہنا ہوا تھا۔
صوفی میئور کا کہنا تھا کہ آج میری زندگی کے انتہائی پرجوش لمحات ہیں۔میں نے شادی کا جوڑا خریدا اور خود سے شادی کرنے کیلئے خصوصی طور پر کیک بھی بنایا۔
صوفی کی پوسٹ پر بڑی تعداد میں ردعمل آئے اور صارفین نے اسے سستی شہرت کا طریقہ قرار دیا۔ جبکہ بعض نے اسے مبارک باد بھی دی اور اس کیلئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
پوسٹ کے 24 گھنٹے بعد ہی صوفی نے پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ میں اسے مزید برداشت نہیں کرسکتی، میں طلاق کا معاملہ دیکھ رہی ہوں۔
نئی پوسٹ پر بھی صارفین نے مختلف قسم کے ردعمل کا اظہار کیا۔ تاہم صارفین کا ردعمل جو بھی ہو صوفی نے اپنی پوسٹ کے ذریعے نہ صرف سوشل میڈیا بلکہ دیگر ذرائع ابلاغ میں بھی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کرلی۔