ایک نیوز :وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے فیض حمید سے متعلق کوئی سیاسی بیان نہیں دوں گا لیکن جو بھی اختیارات سے تجاوز کرے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فیض حمید سے متعلق سوال پر وزیر قانون ا عظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا اس بارے میں پہلے خود پڑھوں گا پھر کوئی جواب دوں گا، بنا پڑھے کوئی بیان نہیں دینا چاہیے
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے، سن 2000 سے لے کر آج تک کا ریکارڈ پبلک کیا جائے گا، جو ریکارڈ موجود ہے اسے فوری طور پر شائع کر دیا جائے گا۔
سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا عمران خان نے اپنے دور میں نیب قوانین میں 3 آرڈیننس کے ذریعے ترامیم کیں، مسلم لیگ ن کی قیادت کو پرانے قوانین کے تحت بری کیا گیا۔
وزیر قانون کا کہنا تھا چیئرمین نیب کے اختیار کے حوالے سے صرف ایک ترمیم ہوئی ہے۔ تفتیش کو بند کرنے کے لیے چیئرمین کو اختیار دیا گیا تھا، ترمیم کے بعد ڈپٹی چیئرمین نیب کو وہی اختیارات حاصل ہوں گے جو چیئرمین نیب کو حاصل ہوتے ہیں۔