ایک نیوز: گوگل نے صارفین کیلئے حیران کن فیچرمتعارف کرادیا۔اب آپ تصاویر پر موجود تحریر کو بھی گوگل ٹرانسلیٹ پر ترجمہ کر سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گوگل سرچ انجن کا استعمال روزانہ کروڑوں افراد مختلف مقاصد کیلئے کرتے ہیں جن میں سے ایک کسی زبان کو ترجمہ کرنا بھی ہے۔
اب آپ گوگل ٹرانسلیٹ کے ساتھ جادو بھی کر سکتے ہیں کیونکہ یہ سروس تصاویر میں موجود تحریر کو بھی ترجمہ کرنے کے قابل ہوگئی ہے۔اس مقصد کے لیے گوگل نے ایک اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ٹرانسلیٹ ٹول کو اس سروس کا حصہ بنایا ہے جو گوگل لینس میں بھی موجود ہے۔
گوگل ٹرانسلیٹ کی ویب سائٹ پر آپ اس حیرت انگیز فیچر کو استعمال کر سکتے ہیں۔اس ویب سائٹ پر اب ایک نئی امیج ٹیب کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جہاں آپ اپنے کمپیوٹر سے کسی تصویر یا اسکرین شاٹ کو اپ لوڈ کریں گے تو تصویر پر موجود تحریر کا ترجمہ ہو جائے گا۔
اس ٹیکسٹ کو کاپی، ڈاؤن لوڈ کرنے یا ڈیلیٹ کرنے کے آپشن بھی دستیاب ہوں گے۔ گوگل کے مطابق 133 زبانوں کی تحریروں کو اس سروس سے ترجمہ کرنا ممکن ہے۔
واضح رہے اس طرح کا فیچر گوگل لینس کے موبائل ورژن میں تو کافی عرصے سے موجود تھا اور اب اسے گوگل ٹرانسلیٹ کا حصہ بھی بنا دیا گیا ہے۔