آئینی طور پر کوئی ادارہ الیکشن میں تعاون سے انکار نہیں کر سکتا،پرویزالٰہی

Mar 10, 2023 | 18:41 PM

ایک نیوز:سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کاکہناہے آئینی طور پر کوئی ادارہ الیکشن میں تعاون سے انکار نہیں کر سکتا، سپریم کورٹ کے حکم پر پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہو چکا ہے۔
 تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویزالٰہی سے پارٹی رہنماؤں  سابق صوبائی وزیر محمدراجہ بشارت ، سیاسی رہنما چودھری نعیم الدین وڑائچ، چودھری وسیم الدین وڑائچ اور چودھری اعجاز احمد وڑائچ نے ملاقات کی 

پزویزالٰہی کاکہناتھا کہ کوئی سرکاری ادارہ الیکشن میں تعاون سے انکار کرے گا تو ذمہ دار براہ راست وزیر اعظم ہوں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اگر سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد میں رکاوٹ بنیں گے تو یوسف رضا گیلانی کی طرح گھر جائیں گے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور میں 8 مارچ کو زمان پارک میں نگران وزیراعلیٰ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی خونی تاریخ دہرائی ہے۔ اس خونریزی کا حساب نگران وزیراعلیٰ کو ہر صورت میں دینا پڑے گا۔ رانا ثنا اللہ سانحہ ماڈل ٹاؤن، سانحہ 25 مئی اور سانحہ زمان پارک میں براہ راست ملوث ہیں۔

مرکزی صدرپی ٹی آئی کا کہناتھا کہ وفاقی وزیر داخلہ بہت جلد قانون کے شکنجے میں ہوں گے اور اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ  الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد پنجاب میں انشاء اللہ عمران خان کی حکومت دوبارہ قائم ہونے میں اب کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔
سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں یہ پی ڈی ایم کی حکومت پہلی حکومت ہے جو الیکشن سے بری طرح خوفزدہ ہے۔ پی ڈی ایم الیکشن سے فرار کے حیلے بہانے کر کے عملی طور پر اپنی شکست تسلیم کر چکی ہے۔
 

مزیدخبریں