پنجاب، کےپی میں انتخابات، سیکیورٹی اداروں کا انتخابات نہ کروانے کی ایڈوائس

Mar 10, 2023 | 16:13 PM

ایک نیوز: پنجاب اور کے پی میں انتخابات کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں انتخابات کی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔جس میں سیکیورٹی اداروں نے انتخابات نہ کروانے کی ایڈوائس کردی۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں عام انتخابات کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئی  ایس آئی  کی جانب سے سیکٹر کمانڈر اسلام آباد، سیکٹر کمانڈر پنجاب اور سیکٹر کمانڈر خیبر پختونخواہ نے شرکت کی۔آبی کی طرف سے جوائنٹ ڈائریکٹر پنجاب اور جوائنٹ ڈائریکٹر خیبر پختونخواہ نے شرکت کی۔ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب اور ڈی آئی جی خیبر پختونخواہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکیورٹی اداروں نے سیکیورٹی کی صورتحال پر بریفننگ دی۔سیکیورٹی اداروں سیکیورٹی تھریٹس پر بھی کمیشن کو آگاہ کیا۔ سیکیورٹی اداروں نے موجودہ سیکیورٹی تھریٹس کی بنیاد پر اس وقت الیکشن نا کروانے کا مشورہ دیا۔ سیکیورٹی اداروں نے اجلاس کو بریفنگ میں کہا کہ دونوں صوبوں میں حالات الیکشن کیلئے ساز گار نہیں۔

اس سے قبل اجلاس میں الیکشن کمیشن نے اداروں کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دونوں صوبوں میں پولیس فورس کے علاوہ 3لاکھ53ہزار سیکیورٹی اہلکار درکار ہوں گے۔ 

پنجاب میں پولیس کے علاوہ 2لاکھ97ہزار دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار درکارہوں گے۔ کے پی میں پولیس کے علاوہ 56ہزار مزید نفری درکارہوگی۔ 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ دونوں صوبوں میں تقریباً 67ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ پنجاب میں تقریباً52ہزار جبکہ کے پی میں 15ہزارپولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے۔ ڈی آر اوز انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کریں گے۔ 

بریفنگ میں الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ دیگر ادروں کےسکیورٹی اہلکار درکار ہوں گے۔

مزیدخبریں