پولیس کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے  دو دہشتگرد گرفتار

 پولیس کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے  دو دہشتگرد گرفتار

ایک نیوز: وفاقی حساس ادارے اور ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے  دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق  ایس ایس پی سٹی عارف عزیز  کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم بی ایل ایف کے دو دہشتگرد وں کو کلاکوٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں دہشتگردوں کا تعلق  بلوچستان لیبریشن فورس ڈاکٹر اللہ نذر گروپ سے ہے ۔گرفتار دہشتگرد ولید عرف ولڑ اور شعیب عرف ببلو سے 2 دستی بم برآمد  ہو ئے ہیں۔ گرفتار دہشتگرد شہر میں بدامنی پھیلانا چاہتے تھے ۔ گرفتار دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے ۔

دوسری جانب سی ٹی ڈی نے لاہور سمیت 3 شہروں میں کارروائی کرتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے لاہور سمیت 3 شہروں میں بڑی کارروائی کی جس میں  12 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی نشاندہی 61 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران کی گئی۔ لاہور سے 3 دہشت گردوں کو حساس علاقے کے قریب سے گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم القاعدہ اور ٹی ٹی پی سے ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد اور خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردوں کے نیٹ ورک حساس اضلاع میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش جاری ہے۔ رواں ہفتے 797 کومبنگ اور سرچ آپریشن کیے گئے، آپریشنز کے دوران 159 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔