ایک نیوز: پاکستان سپر لیگ میں آج مزید ایک میچ کھیلا جائیگا، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔
رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے ان دونوں راولپنڈی میں جاری ہیں۔ لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ون کی پوزیشن برقرار ہے۔پی ایس ایل ایٹ میں آج بھی مزید ایک میچ کھیلا جائیگا، جس میں دو سابق چیمپیئن ٹیمیں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مد مقابل آئیں گی، دونوں ٹیمیں آٹھ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک بارہ مرتبہ آمنا سامنا ہوا ہے جس میں سے 9 مرتبہ ملتان سلطانز اور صرف تین بار پشاور زلمی ٹیم کامیابی حاصل کر سکی ہے
گذشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔لاہور قلندرز نے فخر زمان کی دھواں دھار سنچری کی بدولت 5 وکٹوں پر 226 رنز سکور کیے تھے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، فخر زمان کو 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے 26 میچز مکمل ہونے پر بیٹنگ کے شعبہ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے 421 رنز بنا کر ٹاپ پر موجود ہیں، لاہور قلندرز کے فخر زمان 365 رنز کے ساتھ دوسرے جبکہ عماد وسیم 359 رنز کے ساتھ تیسرے جبکہ پشاور زلمی کے بابر اعظم 343 رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، باولنگ کے شعبہ میں احسان اللہ نے اٹھارہ، راشد خان نے پندرہ، شاہین شاہ آفریدی نے 14 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ چودھری اشرف ایک نیوز لاہور