ایک نیوز: سندھ کے ضلع شکارپور میں کچے میں آپریشن کے دوران 7 سالہ بچے کو بازیاب کرالیا گیا۔
پولیس کے مطابق شکار پور سے 2 ماہ قبل 7 سالہ بچے کو اغوا کیا گیا تھا اور اغواکاروں کی جانب سے بچے کی رہائی کےلیے ایک کروڑ تاوان طلب کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی لاڑکانہ کا کہناہےکہ کچے میں آپریشن کے بعد بچے کو بازیاب کرالیا گیا ہے جب کہ اغوا کاروں کی بھی شناخت کرلی گئی ہے جنہیں جلدگرفتار کرلیا جائےگا۔
یاد رہےکہ سندھ حکومت نے کچے میں مشترکہ آپریشن کا فیصلہ کیا جس میں فوج اور رینجرز کو ساتھ مل کر آپریشن کیا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی میں موٹرسائیکل چوری اور چھیننے کی وارداتوں میں گینگ کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
اے وی ایل سی حکام کے مطابق موٹرسائیکل چوری اور چھینے کی وارداتوں میں 100 سے زائد گینگز ملوث ہیں، نشے میں مبتلا افرادیومیہ درجنوں موٹرسائیکلیں انفرادی طور پر چوری کررہے ہیں اور 70 فیصد موٹرسائیکلیں چوری کرکے منشیات خریدی جارہی ہے۔
حکام کا بتانا ہے کہ موٹر سائیکلیں چھیننے والوں میں مختلف گینگ ملوث ہیں جب کہ موٹرسائیکلیں پاک کالونی اور کورنگی سمیت دیگرعلاقوں میں منشیات کے اڈوں پرفروخت ہورہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمان 70 فیصد چوری شدہ موٹرسائیکلیں منشیات کے عوض فروخت کررہے ہیں، چوری شدہ 30 فیصد موٹر سائیکلیں بلوچستان اور اندورن سندھ بھیجی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان خواتین کا بھی سہارا لےکر شہر سے باہر موٹرسائیکلیں منتقل کررہے ہیں، رواں سال اب تک 10ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں چوری اور چھینی جاچکی ہیں۔