ایک نیوز: لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ کا نیا ریکارڈ بنادیاہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور قلندرز نے پاکستان سپر لیگ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح حاصل کرلی ہے۔ لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنز سے شکست دی ہے اس سے قبل رنز کی سب سے بڑی فتح 117 رنز سے ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹر کیخلاف حاصل کی تھی۔
اس کے علاوہ لاہور قلندرز ایک سیزن میں دو بار 100 رنز سے زائد مارجن سے جیتنی والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ پی ایس ایل 8 میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو رواں لیگ کے 16 ویں میچ میں 110 رنز سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 119 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔ شاداب الیون 107 رنز پر ڈھیر ہوگئی، راشد خان نے 21 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
پاکستان سپر لیگ 8 کے راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے26 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 226 رنز بنا ڈالے تھے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 57 گیندوں پر 115 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے، کامران غلام نے 41 اور سیم بلنگز نے 32 رنز بنائے، راشد خان نے 5 گیندوں پر 2 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 15 رنز ناٹ آؤٹ بنائے تھے۔