خواتین کے عالمی دن پر ٹرانس جینڈر کو ایوارڈ دینا خاتون اول کو مہنگا پڑ گیا

Mar 10, 2023 | 09:32 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: امریکی خاتون اول جل بائیڈن کو عورتوں کے عالمی دن پر ٹرانس جینڈر خاتون کو ایوارڈ دینا مہنگا پڑ گیا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روزوائٹ ہاؤس میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک تقریب میں امریکی خاتون اول نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 11 خواتین کو ’ویمن آف دی کرج’ (Women of the Courage) کے اعزاز سے نوازا۔

 ویمن آف دی کرج کا ایوارڈ حاصل کرنے والی خواتین میں ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والی پہلی ٹرانس جینڈر خاتون رکن قانون ساز اسمبلی البا روئیڈا بھی شامل ہیں۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اسے خواتین کی توہین قرار دے دیا گیا۔

امریکی ریاست ارکینساس کی گورنر اور امریکی صدر جو بائیڈن کی سخت ناقد سارا سینڈرز نے لکھا کہ خواتین کا عالمی دن  یاد رکھنے کیلئے اچھا موقع تھا کہ ڈیموکریٹس آپ کو یہ بتانے کی اہلیت بھی نہیں رکھتے کہ ایک خاتون کسے کہتے ہیں۔

امریکی ریڈیو کی میزبان ڈینا لوئش نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ یہ امریکی خاتون اول کی جانب سے عورتوں کی اہمیت گھٹانے کی کوشش تھی۔ عورتوں کی شناخت کو)مٹانا انتہائی توہین آمیز ہے۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ یہاں عورتوں کے معاملے پر جنگ چھڑگئی ہے جبکہ ایک صارف نے لکھا کہ تصور تو کریں اس طرح کی چیزیں قومی سطح پر اصل عورتوں کے منہ پر زوردار تھپڑ ہیں۔

واضح رہے کہ ارجنیٹنا کی پہلی ٹرانس جینڈر خاتون رکن اسمبلی البا روئیڈا 2022 میں امریکی جریدے ٹائم میگزین کی 100 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل  بھی تھیں جبکہ انہیں 2021 میں بی بی سی کی جانب سے 100 بااثر خواتین کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔

البا روئیڈا جنوری 2020 سے مئی 2022 تک ارجنٹینا کے ڈائیورسٹی پالیسیز کے نائب سیکرٹری کے طور پر خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔

مزیدخبریں