عمران خان کو بازاری زبان اور دھمکیوں کے سوا کچھ نہیں آ رہا :شہباز شریف

Mar 10, 2022 | 12:04 PM

admin
لاہور:قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے پونے چار سال میں ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، عمران خان کو اپنا انجام نظر آ رہا ہے اور اب وہ اتنا خوفزدہ ہو چکا ہے کہ اسے ماسوائے بازاری زبان اور دھمکیوں کے کچھ نہیں آ رہا ہے،اس طرح کی زبان بازاری لوگ استعمال کرتے ہیں۔
ایف آئی اے عدالت کے باہر شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا غریب غریب تر ہو گیا، بیروزگاروں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو اتنا اجیرن نہیں کیا جتنا اس دور نے کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 22 کروڑ عوام کی خواہش اور فیصلہ ہے کہ حکومت کیخلاف عدم اعتماد لایا جائے اور متحدہ اپوزیشن نے عوام کی خواہشات کو مد نظر رکھ کر تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جس طرح کے الفاظ استعمال کر رے ہیں وہ ہم زبان پر بھی نہیں لاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر محتاط بیانات دے کر بیرونی ممالک میں ہماری رہتی ساکھ تباہ کر رہے ہیں اور پاکستان کے وسیع تر مفاد کو قربان کرکے سیاست کرنا، ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
صحافی کے سوال کے جواب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نہیں چھوڑوں گا، نہیں چھوڑوں گا، چور اور ڈاکو، ایک ایسا شخص بیانات دے رہا جسکی عقل ماری جا چکی ہے۔
مزیدخبریں