میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کیلئے 14 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع

Jun 10, 2023 | 21:51 PM

ایک نیوز : کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کیلئے 14 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔

15 جون کو ہونے والے انتخاب کے سلسلے میں 6 امیدواروں نے میئر جبکہ 8 امیدواروں نے ڈپٹی میئر کراچی کےلیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

میئر کراچی کیلئے پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچے تو کارکنوں کی جانب سے شدید بے نظمی دیکھنے میں آئی۔ دھکم پیل کے باعث ریجنل الیکشن کمشنر کراچی کے دفتر کے دو دروازے ٹوٹ گئے جبکہ دو افراد معمولی زخمی بھی ہوئے۔

میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے انتخاب سے متعلق کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہوگیا۔

پیپلز پارٹی نے میئر کراچی کیلئے مرتضیٰ وہاب، نجمی عالم، کرم اللّٰہ، جبکہ جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان، محمد جنید مکاتی اور سیف الدین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

 ڈپٹی میئر کراچی کیلئے جماعت اسلامی کے سیف الدین، قاضی سید صدر الدین، پیپلز پارٹی کے سلمان عبداللّٰہ مراد، ارشد علی، مسلم لیگ ن کے محمد اکرم، محمد یعقوب، غلام شعیب اور تحریک انصاف کے ذیشان زیب نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اتوار کو ہوگی۔

کراچی میں 15 جون کو میئر اور ڈپٹی میئر سمیت 25 ٹاؤن میونسپل کارپوریشن میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات ہوں گے۔

ریٹرننگ آفیسر نذر عباس کا کہنا ہے کہ 15 جون سے قبل الیکشن سے متعلق ضابطہ اخلاق کے حوالے سے تمام امیدواروں کا اجلاس رکھا گیا ہے۔


 

مزیدخبریں