پی ٹی آئی کے61 ایم این ایز کے استعفوں پر نظرثانی کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر

Jun 10, 2023 | 20:09 PM

ایک نیوز :تحریک انصاف کے مستعفی اراکین کی قومی اسمبلی میں واپسی کے لئے  پی ٹی آئی کے61 ایم این ایز کے استعفوں پر نظرثانی کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی گئی۔

تفصیلات کےمطابق  سیکریٹری قومی اسمبلی نے 3 آئینی درخواستیں لاہور ہائی کورٹ میں دائرکی ہیں ،درخواستوں میں ریاض فتیانہ، کرامت کھوکھر، شفقت محمود سمیت 61 سابق اراکین کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد تمام پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے استعفے دیئے ، پی ٹی آئی کے مسلسل مطالبات کے بعد اراکین اسمبلی کے استعفے تصدیق کے بعد منظور ہوئے۔ درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا کہ ہائیکورٹ نے 19 مئی کو پی ٹی آئی اراکین کو دوبارہ استعفوں کی تصدیق کیلئے طلب کیا، آئین کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی اپنے فیصلوں سے متعلق عدالت کو جوابدہ نہیں، عدالت صرف اسپیکر کو متعلقہ معاملے میں عمل کرنے کی استدعا کر سکتی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنگل بینچ کا پی ٹی آئی کے اراکین کی درخواستیں منظور کرنا قانونی طور پر غلط ہے۔ انٹرا کورٹ اپیل سینیر قانون دان احسن بھون اور بیرسٹر لامیہ نیازی کے توسط سے دائر کی گئی، ترجمان قومی اسمبلی نے بھی انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کی تصدیق کردی 

مزیدخبریں