خیبر پختونخوا: موسلا دھار بارش، چھتیں دیواریں گرنے سے 25 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا: موسلا دھار بارش، چھتیں دیواریں گرنے سے 16 افراد جاں بحق
کیپشن: خیبر پختونخوا: موسلا دھار بارش، چھتیں دیواریں گرنے سے 16 افراد جاں بحق

ایک نیوز :خیبر پختونخوا میں آندھی اور موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں چھتیں اوردیواریں گرنے سے 25 افراد جاں بحق اور200 کے قریب زخمی ہوگئے۔

 آندھی اور بارش سے سب سے زیادہ تباہی بنوں میں ہوئی، جہاں دیوقامت درخت اور دیواریں گر نے 12 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔لکی مروت میں بھی ہولناک مناظردیکھے گئے، اوروہاں بھی مختلف حادثات میں پانچ افراد جان سے گئے، کرک میں بھی چار زندگیوں کا چراغ گل ہوگیا،ایبٹ آباد اور سوات میں بھی ریلے بہنے لگے۔

تفصیلات کےمطابق لکی مروت میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 5  افراد  جاں بحق اور 10 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ سٹی ہسپتال، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سمیت پرائیویٹ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی گئی۔

دوسری جانب ڈائریکٹرجنرل ریسکیو نے بتایا کہ مختلف واقعات میں گھروں کی چھتیں اوردیواریں گرگئیں،اس دوران خواتین سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوگئے۔

ڈی جی ریسکیو نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں کرک،بنوں اورلکی مروت میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔

خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں آندھی اور طوفان سے درخت،کھمبےگرنےسےکئی سڑکیں بند،مواصلاتی اور بجلی کانظام درہم برہم ہوکر رہ گیا،کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔

دوسری جانب  ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ،زاہد اکرم درانی نے بنوں اور لکی مروت کی صورتحال سے وزیراعظم کو آگاہ کیا وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں اور لکی مروت میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ۔ وزیراعظم شہبازشریف نے چیف سیکرٹری کے پی اور این ڈی ایم اے حکام کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ۔
ڈپٹی اسپیکر نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ شہداء اور زخمیوں کےلئے وزیراعظم پیکج کے تحت مالی امدد کی جائے ،  وزیراعظم نے ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی  کرائی ہے ۔