ایک نیوز : انڈونیشیا کی ایک نابینا لڑکی نے "امریکا گاٹ ٹیلنٹ" میں اپنے گانے سے ججوں اور سامعین کو مسحور کر دیا۔
17 سالہ پوتری آریانی نے اسٹیج پر اپنی خوبصورت آواز کا جادو جگایا اور "گولڈن بزر" حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔
پوتری آریانی نے پہلے اپنا ایک گانا گایا، جس کے اختتام پر میزبان اور جج سائمن کوول اپنی کرسی سے اٹھ کر اسٹیج کی طرف بڑھے اور اپنا تعارف پوتری سے کرایا۔ ان کی درخواست پر، "کیونکہ وہ پوتری کی آواز سے بہت لطف اندوز ہوئے تھے، پوتری نے ایک اور گانا پیش کیا۔
پوتری نے اس کے بعد مشہور گلوکار ایلٹن جان کا گانا "سوری سیمز ٹو بی دا ہارڈسٹ ورڈ" کا انتخاب کیا جس کے بعد پرجوش سامعین نے کھڑے ہو کر انہیں داد دی جن میں سے اکثر ان کی پرفارمنس سے متاثر ہوکر رو پڑے۔
جج سائمن کوول ان کی پرفارمنس سے اس قدر متاثر ہوئے کہ "گولڈن بزر" دبا دیا، جو امیدواروں کو لائیو پرفارمنس کے لیے نامزد کرنے کا اشارہ ہوتا ہے۔
کوول نے آریانی کی آواز کو "زبردست" قرار دیا۔ "بہت سے لوگ فرشتوں پر یقین نہیں رکھتے، لیکن میرے خیال میں ابھی ایک ہمارے اسٹیج پر آیا ہے۔ آپ ایک سپر اسٹار ہیں۔"