عدالت نےپولیس کو شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے سے روک دیا

عدالت نےپولیس کو شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے سے روک دیا
کیپشن: عدالت نےپولیس کو شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے سے روک دیا

ایک نیوز: لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کی 3مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواست منظور کرلی۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ ہر سیاسی شخصیت کو اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کا حق ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے تھانہ ریس کورس، تھانہ گلبرگ اور سرور روڈ کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کی اور پولیس کو شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کا روشن مستقبل نظر آرہا ہے، ہر سیاسی شخصیت کو اپنے مستقبل کے فیصلے کرنے کا حق ہے، آئین کے مطابق چلنا ہے تو الیکشن کرانے پڑیں گے۔آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بجٹ میں بار بار ترمیم ہوتی رہے گی، 12 اگست کو موجودہ پارلیمنٹ کی مدت پوری ہورہی ہے، نگراں حکومت کو اس بجٹ پر نظرثانی کرنی پڑے گی اور آنے والی منتخب حکومت بجٹ پر دوبارہ نظرثانی کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا گیا، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا لیکن اس کے لیے پیسا کہاں سے آئے گا، بجٹ کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے، اسحاق ڈار نے معیشت کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیل دیا ہے، بجٹ میں الیکشن کیلئے 48 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کو 6 جون کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کی جانب سے رہائی کا تحریری حکم نامہ جاری ہونے پر انھیں رہائی ملی تھی۔