ایک نیوز: سانحہ 9 مئی کو ایک ماہ مکمل،سکھ برادری کے وفد کا جناح ہاؤس کا دورہ ، شرپسندوں کی جانب سے کی جانے والی توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ 9 مئی کو رونما ہوئے ایک ماہ گزر گیا اس افسوس ناک واقعہ کی مذمت اور شہداء پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے لئے پاکستان سکھ برادری کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا،سکھ برادری نے شرپسندوں کی جانب سے کی جانے والی توڑ پھوڑ اور جلاو گھیراو کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
سکھ برادری کا کہنا تھا کہ" سرکاری املاک، فوجی تنصیبات اور جناح ہاوس پر دھاوا بولنے والے دشمن کے پیروکار تو ہوسکتے ہیں لیکن پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے"۔"ہم پاک فوج کو داد دیتے ہیں جسطرح پاک فوج نے صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی قوم اور پاک فوج کو آمنے سامنے کرنے کی سازش کو ناکام بنایا"۔
"جناح ہمارے محسن ہیں اور پاک فوج ہماری محافظ ہے یہی وجہ ہے کہ سکھ برادری ہندوستان سے زیادہ پاکستان میں محفوظ ہے اور اسکا سہرا پاک فوج کے سر ہے"۔
سکھ برادری نے پرزور مطالبہ کیا کہ "جو بھی لوگ جناح ہاؤس سمیت شہداء کی بے حرمتی کے مرتکب ہوئے انکے خلاف بلا تاخیر اور بلا امتیاز سخت سے سخت کاروائی ہونی چاہیے"۔