ایک نیوز:کیا ایسے ہوٹل میں رہنا پسند کریں گے جہاں تک رسائی کسی مہم جوئی سے کم نہیں؟
اگر ہاں تو زیرزمین 1375 فٹ گہرائی میں واقع ڈیپ سلیپ ہوٹل آپ کو ضرور پسند آئے گا۔
اسے دنیا میں سب سے زیادہ گہرائی میں موجود ہوٹل قرار دیا گیا ہے جو شمالی ویلز کے علاقے میں کھولا گیا ہے۔
یہ ہوٹل نارتھ ویلز میں Snowdonia پہاڑیوں کے نیچے ایک متروک کان میں قائم کیا گیا ہے۔
اس میں 5 کیبن موجود ہیں اور وہاں ہفتہ وار تعطیل کی شب رہنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔
یہاں تک پہنچنے کیلئے لوگوں کو پہلے ایک سیڑھی کے ذریعے متروک کان کی گہرائی میں جانا ہوتا ہے۔
نیچے جانے کا سفر ایک گھنٹے میں طے ہوتا ہے اور اس دوران عملے کا ایک فرد اس جگہ کی تاریخی تفصیلات سے آگاہ کرتا ہے۔
نیچے اترنے کیلئے لوگوں کو ہیلمٹ، لائٹ اور دیگر حفاظتی سامان فراہم کیا جاتا ہے اور سفر کا اختتام ایک آہنی دروازے پر ہوتا ہے جس کے پیچھے ہوٹل کے کمرے موجود ہیں۔
ایک رات قیام کا کرایہ 350 سے 550 پاؤنڈز ہے اور ہر کمرے میں 2 افراد رہ سکتے ہیں۔
کمرے میں رہنے والے مہمانوں کو صبح 8 بجے اٹھا دیا جاتا ہے اور ناشتہ کرانے کے بعد پھر اوپر لے جایا جاتا ہے۔
ہوٹل کے عملے کا دعویٰ ہے کہ وہاں رہنے والے افراد کو قیام کے دوران زندگی کی سب سے بہترین نیند کا تجربہ ہوگا۔