ابوظہبی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے 15ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر باؤلنگ کا فیصلہ کیا ، اسلام آباد کی جانب سے کولن منرو اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا۔ جیمز فالکنر نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے کولن منرو 11، روحیل نذیر 8 اور شاداب خان کو 7 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔
عثمان خواجہ 18 رنز پر حارث رؤف کا شکار بنے، افتخار احمد 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور حسین طلعت کی اننگز بھی 14 رنز تک محدود رہی۔ آصف علی 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ حسن علی نے 14 رنز جوڑے۔فہیم اشرف آخری اوور تک مزاحمت کرتے رہے اور بلآخر شاہین آفریدی کا شکار بنے وہ 27 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے جیمز فالکنر نے 3، حارث رؤف اور احمد دانیال نے 2،2 جب کہ شاہین آفریدی اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم فخر 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد محمد فیضان بیٹنگ کے لیے آئے مگر وہ بھی 9 رنز ہی بناسکے۔سہیل اختر نے 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ حفیظ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بین ڈنک 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ٹم ڈیوڈ 23 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
راشد خان نے آخری مرحلے میں زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 گیندوں پر 15 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ فواد احمد، شاداب خان اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔