آخر کب تک مائیں اپنے بیٹے اس وطن پر قربان کرتی رہیں گی؟ 

آخر کب تک مائیں اپنے بیٹے اس وطن پر قربان کرتی رہیں گی؟ 
کیپشن: How long will mothers continue to sacrifice their sons for this country?

ایک نیوز:شہید کیپٹن اسامہ کی والدہ نے میاں شہباز شریف اور آرمی چیف کو مخاطب کر کے کہا کہ کب تک مائیں اپنے بیٹے اس وطن پہ قربان کرتی رہیں گی؟ یہ دہشتگردی آپ ختم کیوں نہیں کررہے؟  

تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں وزیراعظم کے ساتھ کیپٹن اسامہ کا جنازہ پڑھنے گیا تھا ،انکی چار بہنیں، والد اور والدہ جنازے کے ساتھ بیٹھی تھیں ،شہید کی والدہ نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مخاطب کر کے کہا کہ کب تک مائیں اپنے بیٹے اس وطن پہ قربان کرتی رہیں گی؟ یہ دہشتگردی آپ ختم کیوں نہیں کررہے؟ میرے کانوں میں اس وقت بھی کیپٹن اسامہ کی والدہ کے الفاظ گونج رہے ہیں کہ آپ دہشتگردی ختم کیوں نہیں کرتے؟ 

خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا ہم دہشتگردی ختم کرنے کی بات کرتے ہیں  لیکن یہ ہم سے بات کرنے سے انکار کردیتے ہیں،یہ کہتے ہیں یہاں آپریشن نہیں ہوگا،آپریشن دہشتگردی کے خلاف ہے کسی پاکستانی کے خلاف نہیں،اگر کسی پاکستانی کے خلاف ہے تو وہ جو دہشتگرد ہے،یہ پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے،یہاں کیپٹن اسامہ نے اپنا خون دیا، کرنل کاشف نے اپنا خون دیا، سینکڑوں ہزاروں نے اپنا خون دے دیا،یہ اس میں بھی ہمارے ساتھ لڑائی کر رہے ہیں،یہ تو غیر سیاسی مسئلہ ہے اور پاکستان کی بقا کا معاملہ ہے، کم از کم اس معاملے پر تو سیاستدان اکھٹے ہوجائیں۔ 

یاد رہے گزشتہ روز شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا ، پاک فوج کے جوانوں نے فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیاجبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد شہیدہوگئےتھے ۔