ایک نیوز:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے اعلیٰ مثال قائم کردی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیم، کوچز اور سپورٹ سٹاف کے لیے نقد 125 کروڑ بھارتی روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس مجموعی رقم میں سے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے حصے میں 5 کروڑ جبکہ دیگر کوچز کے حصے میں ڈھائی کروڑ روپے آنے تھے، راہول ڈریوڈ نے کرکٹ بورڈ سے اپنی انعامی رقم کم کرنے کے بارے میں کہا،ڈریوڈ نے کرکٹ بورڈ سے کہا کہ وہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچز کے مقابلے میں زیادہ رقم حاصل نہیں کرنا چاہتے۔
راہول ڈریوڈ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچ کے برابر ہی انعامی رقم وصول کرنا چاہتے ہیں، بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بورڈ راہول ڈریوڈ کے جذبات کی عزت کرتا ہے،اس سے قبل 2018ء میں بھی انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے اسی قسم کا فیصلہ کیا تھا۔