جانتا ہوں عوام چیخ رہے ہیں ، کوشش ہے ان کو ریلیف دیں، وزیراعظم 

جانتا ہوں عوام چیخ رہے ہیں ، کوشش ہے ان کو ریلیف دیں، وزیراعظم 
کیپشن: I know people are shouting, try to give them relief, Prime Minister

 ایک نیوز:وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے عوام کے دکھ  کا احساس ہے، ابھی 200یونٹ والوں کو ریلیف دیا ہے ، دیگر صارفین کو بھی ریلیف دینے کی کوشش کریں گے ۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس  ہوا، اجلاس میں  پارلیمانی پارٹی ارکان کو بجلی صارفین کیلئے  ریلیف بارے بریفنگ دی گئی ، ریاستی ملکیتی کاروباری اداروں سے متعلق بل  اور بل کی قومی اسمبلی سے منظوری سے متعلق حکمران جماعت کی حکمت عملی پر غور کیا گیا ،پارلیمانی پارٹی نے بل کی منظوری دے دی ،پارلیمانی پارٹی کے اراکین کو بجلی کے بلز میں عوام کو مزید ریلیف دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔ 

اس  موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ابھی دو سو یونٹس والوں کو ریلیف دیا ہے عوام کے دکھ کا احساس ہے،مجھے پتہ ہے کہ عوام چیخ رہے ہیں پوری کوشش ہے کہ ان کو ریلیف دیں ،حکومت چھوٹے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 50 ارب روپے سبسڈی دے گی۔  

 دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے  خیبرپختونخوا میں شہید ہونیوالے سکیورٹی اہلکاروں کےاہلخانہ سے تعزیت  کی اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔  

وزیر اعظم شہباز شریف نےکہا  کہ وزارتوں کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی، وزارتیں اپنی کارکردگی بہتر بنا کر ملک کی خدمت کریں، دعا ہے کہ محرم الحرام کے ایام خیریت سے گزر جائیں،صوبوں کیساتھ سکیورٹی معاملات میں تعاون سے قومی یکجہتی اور اتحاد کو تقویت ملےگی۔  

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دورہ تاجکستان میں روسی صدر سے بہت اہم ملاقات ہوئی، روسی صدر کیساتھ تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر مفید بات چیت ہوئی،دورہ چین کے بعد اہم شعبوں میں مزید تعاون کیلئے بریفنگ لی ہے، چین کے ساتھ تعاون کے فروغ پرتیزی سے پیشرفت یقینی بنانا ہوگی، کمر کس لیں، ملک کی بقا کیلئے ہمیں دن رات محنت کرنا ہو گی، 

بلوچستان میں 28ہزار ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی بہت اہم اقدام ہے،بلوچستان میں ٹیوب ویلز کو سولر پینل پر منتقل کرنے سے 80ارب روپے کی بچت ہوگی، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاق کے متعلقہ افسران نے منصوبے کیلئے محنت سے کام کیا، ہمیں بجلی کے لالے پڑے ہوئے ہیں اورمسلسل بجلی چوری ہو رہی ہے، ترسیلی لائنز کو بہتر بنانا اور بجلی چوری پر قابو پانا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان کا مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہر ہ قابل تعریف ہے، پاکستان 5ارب ڈالر کا سالانہ فریٹ ادا کر رہا ہے۔  ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پورٹ پر 12سو ارب روپے کی چوری ہو رہی ہے، 12ارب روپے کی چوری نہ ہو تو یہ پیسہ ڈیموں پر لگ سکتا ہے، بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کا بیڑا غرق ہو رہا ہے،معاشی بحالی کے لئے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑیں گے،ڈاؤن سائزنگ اور رائٹ سائزنگ پر میری خصوصی توجہ ہے،کلچر بن چکا ہے کہ مجھ پر نہیں دوسروں پر ٹیکس لگائیں۔