ایک نیوز:سابق پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے بیرون ملک جانے سے روکنے کے اقدام کو ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے ۔
شوکت یوسفزئی نے سید سکندر حیات شاہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ، درخواست میں وفاقی حکومت،ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ درخواستگزار اسلام آباد ایئر پورٹ سے برطانیہ جارہے تھے کہ ان کو آف لوڈ کردیا گیا، 2بار صوبائی وزیر رہ چکے ہیں،سینئر سیاستدان ہے، برطانیہ میں اپنی بیٹی سے ملاقات کے لئے جارہے تھے، درخواست گزار کا نام ای سی ایل یا کسی اور لسٹ میں شامل نہیں ہے پھر بھی ان کو روکا گیا، درخواست گزار کے خلاف جو سیاسی نوعیت کے مقدمات بنائے گئے ہیں ان میں پہلے ہی ضمانت پر ہے،جنوری 2024 میں عمرہ کے لئے جارہے تھے تو اس وقت پشاور ایئر پورٹ پر جہاز سے آف لوڈ کیا گیا تھا۔
درخواست میں مزید مؤقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار کو بغیر کسی وجہ کے غیر بیرونی ملک جانے سے روکا گیا ہے، ایف آئی اے کا یہ عمل غیرقانونی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ درخواست گزار کو بیرونی ملک جانے کی اجازت دی جائے ۔