ایک نیوز: جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں3بہادر فوجی جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں3بہادر فوجی جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ شہید ہونیوالوں میں سپاہی اسد اللہ، سپاہی محمد سفیان اور زین علی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 30سال کے سپاہی اسد اللہ شہید کا تعلق مٹیاری سے تھا، 28 سال کے سپاہی محمد سفیان شہید ڈی آئی خان کے رہائشی تھے جبکہ 24سال کے زین علی شہید کا تعلق بہاولنگر سے تھا۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جنوبی وزیرِ ستان میں د ہشتگردوں سے مقابلہ کرتے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی اسد اللہ، سپاہی محمدسفیان اور زین علی کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے، وزیرِ اعظم نے شہداء کی مغفرت اور اہلِ خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوانوں نے جرات و بہادری کی مثال قائم کرتے ہوئے وطن عزیز کو دہشتگردی کی عفریت سے پاک کرنے کیلئے جامِ شہادت نوش کیا،مجھ سمیت پوری قوم ان شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے،ملک کو دہشتگردی کی عفریت سے پاک کرنے کیلئے پوری قوم متحد ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ گھڑی ہے۔