ایک نیوز :وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے جس نے قائد نوازشریف اور ہمیں ہرجھوٹے الزامات میں سرخرو فرمایا،پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کے فیصلے میں واضح لکھا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنے، کیس تھانہیں، بنایا گیا۔
تفصیلات کےمطابق وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں بطور جماعت سیاسی انتقام میں اندھے سیاسی مخالف ٹولے کے ہر جھوٹ، بے بنیاد مقدمات اور عوام کی خدمت کے ہر امتحان میں سرخرو فرمایا۔
پاکستان ہی نہیں نیشنل کرائم ایجنسی اور برطانیہ کی عدالتوں کے فیصلوں میں جھوٹ کے سوداگروں کے ہر سوال کا شافی اور کافی جواب موجود ہے،تازہ ترین مثال احتساب عدالت لاہور کا پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کا فیصلہ ہے جس میں واضح لکھا ہے کہ نوازشریف سیاسی انتقام کا نشانہ بنے، کیس تھانہیں، بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس جھوٹ کو ریفرنس کا نام دینے والے گنہگاروں کو اللہ اور عوام سے معافی مانگنی چاہئے لیکن یہ بھی وہ کر سکتا ہے جس کے دل میں خوف خدا ہو، توبہ کی توفیق سے محروم عذر گناہ بدترازگناہ کی عبرت ناک مثال بن جاتے ہیں جن کے دلوں پر خدا تالے لگا دیتا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ مریم نواز شریف سمیت ہماری بہو بیٹیوں کو ناحق جیلوں میں قید کیاگیا، چادر اور چار دیواری کی حرمت پامال ہوئی، 15 کلو ہیروئن کے جعلی مقدمے بنائے گئے، اللہ کی قسمیں کھا کر سیاہ جھوٹ بولے گئے، طیبہ گل کے اغوا کاروں کی ٹویٹ بھی ان کے جھوٹے مقدمات اور قسموں کی طرح ہے۔
ان کا کہناتھا کہ کرپشن، لوٹ مار اور قوم کے خلاف جرائم میں عدالتوں کا سامنا کرنے کی جرات نہ رکھنے والے نے طویل منصوبہ بندی اور مسلسل ذہن سازی سے 9 مئی کا یوم سیاہ کرایا،یہ پاکستان میں خانہ جنگی اور اداروں کو عوام سے ٹکرانے کی مذموم سازش تھی جو اللہ تعالیٰ کے فضل اور عوامی شعور کی وجہ سے ناکام ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ9 مئی کا فائدہ صرف پاکستان دشمنوں کو ہوا۔ لاتعداد وڈیوز، بیانات اور ناقابل تردید شواہد کی موجودگی پراپگنڈے اور جھوٹ پر مبنی ہر ٹویٹ پر کہیں بھاری ہے، پٹرول بم، شہداء کی یادگاریں، جلی ہوئی عمارتیں، مساجد، سکول، ایمبولنسز، ریڈیو پاکستان کی خاکستر عمارت ہر جھوٹے کو جھوٹا ثابت کرنے کے لئے کافی ہیں ۔