ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں ساہیوال ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت اور تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال کی نئی عمارت میں جدید کارڈیالوجی بلاک بنانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔ چلڈرن ہسپتال کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کی پرانی عمارت میں قائم کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ شہر کے اندر سے گزرنے والی ساڑھے چھ کلو میٹر دو رویہ جی ٹی روڈکی تعمیر وبحالی کی جائے گی۔ ساہیوال کے سٹی ڈویلپمنٹ پراجیکٹ، واٹر ری چارج اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پراجیکٹ کا بھی جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں ساہیوال، پاکپتن روڈ ستمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیدی گئی۔ اوکاڑہ کی چھوٹی نہروں کی پختگی کے پراجیکٹ کابھی جائزہ لیاگیا۔ صوبائی وزراء منصور قادر، اظفر علی ناصر،عامر میر، سیکرٹریز آبپاشی،ہاؤسنگ، لوکل گورنمنٹ، تعمیرات و مواصلات، صحت، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،اوقاف اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
ساہیوال کے کمشنر اور آر پی او، پاکپتن، اوکاڑہ اور ساہیوال کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔