ایک نیوز: انسداد دہشتگردی عدالت نے مسلم لیگ ن آفس جلانے، عسکری ٹاور پر حملہ سمیت 4مقدمات میں یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت لاہور کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے سماعت کی، اس دوران ڈاکٹر یاسمین راشد کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر پیش کیا گیا۔
پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمات کا چالان تکمیل کے مرحلے میں ہے، لہٰذا مہلت دی جائے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ یاسمین راشد پر ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن آفس پر حملہ،عسکری ٹاور پر حملہ، جلاؤ گھیراؤ اور تھانہ شادمان کو جلانے کا الزام ہے جب کہ گلبرگ، شادمان اور تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمات درج ہیں۔
بعدازاں اے ٹی سی نے یاسمین راشد کی جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے 24 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 جولائی تک توسیع کی تھی۔گلبرگ پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر کیخلاف مقدمہ نمبر 1271/23 درج کر رکھا ہے،گلبرگ پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور دیگر کیخلاف مقدمہ نمبر 1280/23 درج کر رکھا ہے،شادمان پولیس نے یاسمین راشد کیخلاف 768/23 مقدمہ درج کررکھا ہے ،تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس مقدمہ نمبر 367/23 درج کر رکھا ہے۔