ایک نیوز: پنجاب رینجرز اور ریسکیو 1122 کا تحصیل شکرگڑھ میں مشترکہ ریسکیو آپریشن سیلابی ریلے میں پھنسے لوگوں کو بچا لیا گیا۔ ️دھان کی کاشتکاری کے دوران بچوں اور خواتین سمیت بیشتر افراد بھارت کی جانب سے آنے والے سیلابی ریلے میں پھنس گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق اطلاع ملتے ہی پنجاب رینجرز اور ریسکیو 1122 کی ریسکیو ٹیموں نے تحصیل شکرگڑھ کے سرحدی علاقے میں بروقت ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو 1122 اور پنجاب رینجرز کی ریسکیو ٹیموں نے خواتین اور بچوں سمیت 301 افراد کو بحفاظت نکال لیا۔
سیلابی ریلے میں پھنسے افراد نے ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہونے پر ریسکیو 1122 اور پنجاب رینجرز کی ریسکیو ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔ مزید کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ابھی بھی پنجاب رینجرز کی ریسکیو ٹیم متاثرہ علاقہ میں لوگوں کی فوری امداد کے لیے موجود ہے۔
ترجمان ریسکیو نے اعدادوشمار جاری کردیے:
ریسکیو ترجمان کے جاری کردہ بیان کے مطابق دریائے اوجھ اور راوی پر گزشتہ رات پھنسے افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ اب تک ٹوٹل 301 لوگوں کو پانی سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔
خواتین بچوں سمیت پھنسے 30 سے زائد افراد کو گاؤں جھن مان سنگھ سے بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ لوگ کام کرنے کی غرض کھیتوں وغیرہ میں گئے ہوئےتھے کہ ادھر پھنس گئے۔
اسسٹنٹ کمشنر شکرگڑھ خضر ظہور کا کہنا ہے کہ شکرگڑھ دریائے راوی نالہ اوج اور نالہ بئیں میں پانی کا بہاؤ اب نارمل ہے۔ اب تک 300سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے جن میں معزور افراد بچے اور عورتیں شامل ہیں۔ ضلع بھر میں ہائی الرٹ جاری ہے۔ ندی نالوں اور دریاؤں کے پاس جانے اور نہانے پر مکمل پابندی ہے۔ شکرگڑھ ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں متعلقہ محکموں کے ملازمین تیار ہیں۔