زمین کا درجہ حرارت بڑھنے لگا، ماہرین صحت کا انتباہ جاری

Jul 10, 2023 | 00:42 AM

 ایک نیوز :امریکی ماہرین  نے پیشگوئی کی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے زمین کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھنے لگا اور مستقبل میں زمین کا درجہ حرارت مزید تیزی سے بڑھے گا۔
  دنیا بھر میں بڑھتے درجہ حرارت کی وجہ سے اس سال سیکڑوں افراد موت کے گھاٹ اتر گئے، رواں سال جون کا مہینہ کرہ ارض پر اب تک کا گرم ترین جون تھا، امریکی ماہرین کے مطابق شدید گرمی میں جب جسم زیادہ درجہ حرارت کا سامنا کرے تو اسے خود کو ٹھنڈا کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر ماحول گرم اور مرطوب ہو تو پسینہ آسانی سے بخارات نہیں بنتا جو آپ کے جسم کے درجہ حرارت کو مزید بڑھا دیتا ہے، یوں جسم کا زیادہ درجہ حرارت دماغ اور دیگر اہم اعضا کو نقصان پہنچاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق بوڑھے، بچے اور دائمی طبی حالات میں مبتلا افراد میں بڑھتے درجہ حرارت سے ہونے والی بیماریوں کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔گرم موسم میں لوگوں کو چاہیے کہ وہ پانی پینے کے لیے پیاس لگنے کا انتظار نہ کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں، شدید گرم موسم میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں۔

اگر دوپہر کے اوقات میں باہر جانا ہو تو ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، اپنا سر ڈھانپیں، سردرد، چکر یا متلی آئے تو فورا گرم ماحول سے نکل کر ٹھنڈے ماحول میں چلے جائیں۔

مزیدخبریں