فیس بک میں خاموشی سے کی جانے والی تبدیلی

فیس بک میں خاموشی سے کی جانے والی تبدیلی
کیپشن: A Quiet Change at Facebook

ایک نیوز : فیس بک نے خاموشی سے اپنی ایپ میں بڑی تبدیلی کی ہے جو صارفین کو ضرور پسند آئے گی۔

تبدیلی کے بعد فیس بک صارفین کو اپنے دوستوں سے چیٹ کے لیے اسمارٹ فون میں میسنجر ایپ کو انسٹال کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی، کم از کم اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایسا کر دیا گیا ہے۔فیس بک کی جانب سے 2023 کے آغاز میں اس تبدیلی کا اعلان کیا گیا تھا مگر اب خاموشی سے اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

 اگر اب آپ کے فون میں فیس بک میسنجر ایپ انسٹال نہیں، تو بھی فیس بک فرینڈز سے چیٹ کے لیے اس کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ اسی طرح کا انٹرفیس فیس بک ایپ کے اندر ہی اوپن ہو جائے گا۔

 البتہ اس یوزر انٹرفیس میں میسنجر کو انسٹال کرنے کا مشورہ دیا جائے گا تاکہ اضافی فیچرز تک رسائی حاصل ہو سکے۔

خیال رہے کہ لگ بھگ 9 سال پہلے فیس بک موبائل ایپ سے چیٹ کا آپشن ختم کرکے اس مقصد کے لیے میسنجر کے نام سے ایک نئی ایپ متعارف کرائی گئی تھی۔اس وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد میسنجر کو بہترین موبائل میسجنگ ایپ بنانا ہے۔

یہ تو واضح نہیں کہ 9 سال بعد میٹا نے میسنجر کو ایک بار پھر فیس بک ایپ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیوں کیا ہے مگر بظاہر یہ تبدیلی ٹک ٹاک سے مقابلے کے لیے کی جا رہی ہے۔

مارچ میں میٹا کے عہدیدار ٹام ایلیسن نے بتایا تھا کہ میٹا کی جانب سے فیس بک کو شیئرنگ اور چیٹ کے لیے بہترین مقام بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ لوگ فیس بک کے اندر ہی میسجنگ کے ذریعے مواد شیئر کر سکیں اور انہیں کسی اور ایپ کو اوپن کرنے کی ضرورت نہ ہو۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک میں صارفین ویڈیوز کو اپنے دوستوں کے ساتھ ڈائریکٹ میسج کے ذریعے شیئر کر سکتے ہیں۔

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ یہ صارفین کے لیے بہت اہم فیچر ہے کیونکہ وہ چیٹ اور میسجز کو فیس بک ایپ سے نکلے بغیر ہی دیکھ کر جواب دے سکیں گے۔

اسی طرح فون کی اسٹوریج کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ میسنجر ایپ کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔