صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کراچی کی مسجد طوبیٰ میں نماز عید ادا کی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں نماز عید پڑھی، وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے وزیراعظم کے ساتھ ہی نماز عید ادا کی۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے منصورہ لاہور میں نماز عید پڑھائی جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان اور ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں نماز عید پڑھی۔
نماز عید کے موقع پر عید گاہوں اور مساجد میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کے ساتھ رینجرز اہلکاروں کو بھی سکیورٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔
نماز عید کی ادائیگی کے بعد مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں جبکہ الائشیں اٹھانے کے لیے بھی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے عید الاضحیٰ پر اہل وطن کو مبارک باد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ قربانی کا اصل مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کیلئے خواہشات کی قربانی ہے، دنیا کی کوئی قوم ایثار اور قربانی کے جذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی ، قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی تاثیرکا حامل ہے، اللہ پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ کی عبادات ،حج اور قربانیاں قبول کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی اہل وطن کو عید کی مبارک باد دی۔ لاہور میں نماز عید کی ادائیگی کے موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کی اطاعت و فرمانبرداری قربانی کا اصل مفہوم ہے، ناداروں اور بے کسوں کی مدد کرکے ہم اس عظیم دن کا حق ادا کرسکتے ہیں، مہنگائی کی عالمی لہر میں ضرورت مندوں کو بھی خوشیوں میں شریک کریں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے عید کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، عیدِ سعید جو ہمیں عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے، کی خوشیاں مناتے اور رب العزت کے احسانات پر کلماتِ شکر ادا کرتے ہوئے جبر اور ظالمانہ تسلط کے شکار اہلِ کشمیر و فلسطین کو یاد کرتے ہوئے ان کے لئے دستِ دعا دراز کریں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارک با دیتے ہوئے کہا کہ خوشیوں کا یہ تہوار امت مسلمہ کو ایک لڑی میں پروتا ہے، ایثار و قربانی کے جذبے کے بغیر اخلاقی سربلندی حاصل نہیں ہوسکتی ،ہمیں ملک و قوم کی خوشحالی اور ترقی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔