ویب ڈیسک: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک بار پھر انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی شخصیت کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
ہانیہ نے 14 ملین فالوورز کے سنگ میل کو عبور کرتے ہوئے اپنا ہی سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جو اس سے قبل اداکارہ عائزہ خان کے پاس تھا۔
ہانیہ عامر کی مقبولیت کی وجہ ان کی چلبلی شخصیت، دلکش انداز، اور مداحوں کے لیے دلچسپ مواد ہے۔ چاہے وہ اپنی خوبصورت تصاویر کے ذریعے فیشن کے نئے رجحانات متعارف کروا رہی ہوں یا اپنی سکن کیئر ٹپس شیئر کر رہی ہوں، ہانیہ کا منفرد انداز انہیں لاکھوں لوگوں کی پسندیدہ شخصیت بناتا ہے۔
ہانیہ کی اداکاری نے بھی ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے 'میرے ہمسفر' اور 'کبھی میں کبھی تم' جیسے مشہور ڈراموں کے ذریعے مداحوں کے دل جیتے ہیں۔ ان کے ہر ڈرامے کو بے پناہ مقبولیت ملتی ہے۔
اسکرین کے ساتھ ساتھ ہانیہ عامر سوشل میڈیا پر بھی مقبول ہیں۔ ان کی ویڈیوز اور تصاویر اکثر وائرل ہو جاتی ہیں، جیسے یشما گل کی بہن کی شادی پر ان کے رقص کی ویڈیو، جسے مداحوں نے خوب سراہا۔
حال ہی میں ہانیہ کو سی این این کے ایک انٹرویو میں "پاکستان میں جنریشن زی کی نمائندہ شخصیت" قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ، وہ دنیا بھر میں مقبول "ٹاپ 50 ایشین سیلیبریٹیز" کی فہرست میں 9ویں نمبر پر ہیں۔
ہانیہ کی شہرت سرحدوں سے پرے ہے۔ بھارتی مداح بھی ان کی خوبصورتی اور اداکاری کے دیوانے ہیں، اور ان کے بھارتی ریپر بادشاہ کے ساتھ تعلقات کے بارے میں افواہیں اکثر خبروں کی زینت بنتی ہیں۔ لندن میں دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ میں ان کا اسٹیج پر آنا بھی ایک یادگار لمحہ تھا، جس نے دونوں ممالک کے مداحوں کو حیران کر دیا۔
ہانیہ عامر نہ صرف پاکستان کی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ایک منفرد اور مثبت شناخت رکھتی ہیں، اور ان کا ہر قدم ان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا ثبوت ہے۔