لاس اینجلس آگ:"یہ مکافات عمل ہےٗ" ہالی وڈ اداکار کا گھر جلنے پر صارفین کا تبصرہ

Jan 10, 2025 | 15:48 PM

ویب ڈیسک: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں بے قابو آگ نے ہزاروں ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے کئی مشہور شخصیات کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ان میں معروف ہالی وڈ اداکار جیمز وڈز کا گھر بھی شامل ہے، جو مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔

77 سالہ اداکار جیمز وڈز نے ایک انٹرویو میں اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "یہ اپنے کسی قریبی کو کھونے جیسا ہے۔ ایک دن آپ اپنے گھر کے سوئمنگ پول میں تیر رہے ہوتے ہیں، اور اگلے دن سب کچھ ختم ہو جاتا ہے۔" ان کی آنکھوں میں آنسو تھے جب انہوں نے اپنی کہانی سنائی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیوی اور آٹھ سالہ بھانجی نے اپنی گلک سے رقم نکال کر ان کی مدد کی پیشکش کی۔

  جیمز وڈز، جو ماضی میں اپنی اسرائیل نواز پوسٹس اور فلسطینیوں کے خلاف سخت مؤقف کے لیے مشہور رہے ہیں، سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ صارفین نے انہیں ان کے ماضی کے بیانات یاد دلاتے ہوئے سوال کیا کہ "اب بتائیں، اپنے گھر کو جلتا دیکھنا کیسا محسوس ہوتا ہے؟"

ایک فلسطینی شاعر نے ان سے مخاطب ہو کر کہا، "یہ وہی مکافات عمل ہے جس کا سامنا مظلوم فلسطینی ہر روز کرتے ہیں۔" ایک اور صارف نے ان کے پرانے ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے کہا، "جو آپ بوتے ہیں، وہی کاٹتے ہیں۔"

جیمز وڈز نے ایک صارف کے تبصرے کے جواب میں کہا، "آپ کو 7 اکتوبر کے حملے، خواتین اور بچوں کے ریپ اور قتل عام کی حمایت نہیں کرنی چاہیے تھی۔" اس کے بعد انہوں نے متعلقہ صارف کو بلاک کر دیا۔

یاد رہے کہ جیمز وڈز دو بار آسکر کے لیے نامزد اور تین بار ایمی ایوارڈز جیت چکے ہیں۔ تاہم، ان کی حالیہ پریشانی نے انہیں سوشل میڈیا پر تنقید کا مرکز بنا دیا ہے، جہاں صارفین ان کے پرانے متنازع بیانات کو لے کر ان پر طنز کر رہے ہیں۔

لاس اینجلس کی آگ کے نقصانات نے نہ صرف جیمز وڈز بلکہ کئی دیگر خاندانوں کو بھی متاثر کیا ہے، اور اس حادثے نے انسانی ہمدردی اور انصاف کے حوالے سے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔

مزیدخبریں