ویب ذیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ میرا، جو ماضی میں اپنی شادی، تکذیب نکاح اور تنازعات کی وجہ سے خبروں میں رہ چکی ہیں، نے شکوہ کیا ہے کہ کوئی بھی مرد ان سے شادی نہیں کرنا چاہتا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں میرا نے اپنی شادی کے حوالے سے افسوس کا اظہار کیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ اداکارہ نیلم منیر کی شادی کے بعد وہ کب شادی کریں گی، میرا افسردہ ہو گئیں اور خاموشی اختیار کر لی۔
اداکارہ نے جواب میں کہا کہ انہیں اپنی شادی میں تاخیر پر افسوس ہے اور حیرت کا اظہار کیا کہ آخر کوئی ان سے شادی کیوں نہیں کرنا چاہتا۔
ان کی یہ گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جہاں صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔
ماضی میں میرا کو عتیق الرحمٰن نامی شخص کی جانب سے نکاح کے اوپر نکاح کا الزام سامنا کرنا پڑا تھا۔ عتیق الرحمٰن نے دعویٰ کیا تھا کہ میرا ان کی اہلیہ ہیں اور انہوں نے کیپٹن نوید سے دوسرا نکاح کیا، تاہم میرا ان الزامات کی تردید کرتی آئی ہیں۔
اداکارہ نے 2009 میں تکذیب نکاح کی درخواست دائر کی تھی، جس کا فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا۔ رواں برس جنوری میں ایک انٹرویو کے دوران میرا نے کہا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے سنگل نہیں ہیں، اور حالیہ گفتگو میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کوئی ان سے شادی کے لیے تیار نہیں۔
اداکارہ میرا کا یہ بیان ایک بار پھر انہیں خبروں کی زینت بنا رہا ہے، جہاں سوشل میڈیا پر ان کے مداح اور ناقدین دونوں اس معاملے پر رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔